24.3 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںقومی اسمبلی کے اراکین کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، بین الاقوامی...

قومی اسمبلی کے اراکین کی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت، بین الاقوامی برادری سے بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کانوٹس لینے کامطالبہ، پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے، اراکین

- Advertisement -

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اراکین نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اوربین الاقوامی برادری سے بھارت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کانوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں اور اموال کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں بھارت کے پاکستان کے خلاف جاری جارحیت سے پیداہونے والی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے علی قاسم گیلانی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے شہداء کے خاندانوں کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں، پاک فضائیہ نے پاکستانیوں کاسرفخرسے بلندکردیاہے۔

انہوں نے کہاکہ جنگ میں پہلا قتل سچ کاہوتاہے، بھارت میں اس جنگ کے حوالہ سے مسلسل جھوٹ بولاجارہاہے، یہ ایسی جنگ ہے جس کی شروعات بھارت نے کی ہے مگراسے ختم ہم کریں گے۔علی قاسم گیلانی نے کہاکہ پاکستان کی میڈیا نے ذمہ داری کامظاہرہ کیا اور دنیا کو دکھایا کہ بھارت نے جارحیت کامظاہرہ کرکے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، مدارس،مساجد اور اسپتالوں کو نشانہ بنایاہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کو افواج کو قوم کے اتحاداور اتفاق کی ضرورت ہے، بھارتی جارحیت کے بعد پوری قوم ایک ہے، ہمیں اپنی شرائط اور مرضی پر بھارت کو وہ چوٹ پہنچانی ہے اور اسے وہ درددینا ہے جس کو وہ ہمیشہ یادرکھیں۔ہمیں اپنی قومی قیادت پر مکمل اعتمادہے۔پاکستان بھارت کی دہشت گردی کاشکارہے۔رعناانصرنے کہاکہ پاکستان کلمہ کی بنیادپر بناملک ہے، بھارت بوکھلاہٹ کاشکارہے، پاکستان کی ترقی اسے ہضم نہیں ہورہی، یہ ملک قربانیوں کے بعدبناہے اور یہ تاقیامت قائم رہے گا، 24کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایوان سے یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم ایک ہے۔

سعدبلوچ نے کہاکہ پہلگام واقعہ کی آڑمیں مودی سرکارنے پاکستان کے خلاف جو کارروائی کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ہمیں یکجہتی کے ساتھ اختلافات کو بھلاکربھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیواربنناہوگا۔پارلیمانی سیکرٹری عثمان اویسی نے کہاکہ اسرائیل اور بھارت کے مظالم پر دنیاخاموش ہے، بہاولپورمیں ہندوستان نے جو میزائل داغے ہیں ، اس میں چھ خواتین،چھ سالہ فاطمہ،تین سالہ حوابی بی اور دوسالہ عروہ اس دنیا سے چلی گئی، ایک خاتون حاملہ تھی اور اسے مردہ حالت میں اسپتال لے جایاگیا تاکہ بچہ بچ سکے مگراس نوماہ کی بچی کو والدہ کی قدموں میں دفنایاگیا۔ہم مودی سرکارکو بتانا چاہتے ہیں کہ تم نے پیٹھ پر وارکیا ہم سامنے سے وارکریں گے، تم نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا ہم دن کے اجالے میں حملہ کریں گے،تم نے خواتین اور بچوں پر حملہ کیا ہم تمہاری افواج کو نشانہ بنائیں گے، یہ جنگ مودی نے شروع کی ہے اسے ہم ختم کریں گے۔

سبین غوری نے کہاکہ جب بھی بھارت اندرونی حملوں کو روکنے میں میں ناکام رہا تواس کاالزام پاکستان پر عائد کرتا ہے ، پاک فضائیہ نے بھارت کے جدیدترین طیاروں کو کامیابی سے نشانہ بنایاہے۔انہوں نے کہاکہ جنگ کبھی ہتھیاروں سے نہیں بلکہ عزم اور حوصلہ سے لڑی جاتی ہے۔پاکستان 77سے زیادہ ڈرون حملے ناکام بناچکاہے، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو میں خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے بردباری اور حکمت سے کام لیاہے۔چنگیزخان نے کہاکہ پاکستان ہوگا توسیاست بھی ہوگی اور ہماری پہچان بھی ہوں گی۔ہندوستان نے ہماری مساجد، مدارس اور عوام پر رات کے اندھیرے میں حملہ کیاہے۔ڈاکٹرامجدعلی نے کہاکہ بھارت کاحملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور پاکستان کی قومی یکجہتی کاامتحان ہے۔

بھارت نے جویکطرفہ حملہ کیاہے وہ اس خطہ پر ایسا نظام نافذ کرنے کی کو شش کررہاہے جس میں وہ جج جیوری اور جلاد ہوں، اس فسطائیت کامقابلہ کرنا اور جواب دینا ضروری ہے۔ہمیں ایسا جواب دینا ہے جوتاریخ میں یادرکھاجائے۔شمشیرعلی نے کہاکہ خطہ میں غزوہ ہندکی بنیادرکھی جارہی ہے، یہ غزوہ تب شروع ہوگا جب ہم سے کو ئی لڑے گا۔ جنگیں برابرکی ہتھیاروں سے لڑی جاتی ہے، ہمارے پاس جذبہ بھی ہے اور ہتھیاربھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ روایتی جنگ بھارت شروع کرسکتاہے مگریہ ضروری نہیں کہ اس جنگ کااختتام روایتی ہوں، اس لئے بھارت کو سوچ سمجھ کرفیصلہ کرنا ہوں گا، شہادت ہماری آرزو ہے کیونکہ شہید تاقیامت زندہ رہتاہے۔شاندانہ گلزارنے کہاکہ 77سالوں سے بھارت کشمیرمیں ظلم وبربریت کامظاہرہ کررہاہے۔

پاکستان نے نہیں بلکہ آرایس ایس نے مہاتماگاندہی کو قتل کردیاتھا، نریندرمودی ایک عفریت ہے جس نے ملک میں مذہبی اور نسلی اقلیتوں کے قتل عام میں حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ پہلگام فالس فلیگ آپر یشن کابنیادی مقصد مودی کے کرپشن پر پر دہ ڈالنے کیلئے کیاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کینیڈا اور دنیا کے دیگرحصوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی ہے۔گجرات کے قصائی کو امریکا نے ویزادینے سے انکارکردیاتھا،وہ مسلمانوں کی کھالیں اتاررہاہے۔رضاعلی گیلانی نے کہاکہ جب بھی بھارت میں الیکشن نزدیک آتاہے تو پہلگام اور پلوامہ جیسے واقعات سٹیج کئے جاتے ہیں۔ مودی نے سمجھا کہ وہ حملہ کرے گا اور پاکستان خاموش رہے گا، یہ مودی کی غلط فہمی ہے۔

شفقت عباس نے کہاکہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان پر جنگ مسلط کی جارہی ہے، اس صورتحال کے تناظرمیں قومی یکجہتی وقت کی ضرورت ہے۔زرتاج گل نے کہاکہ بزدل بھارت نے جس طرح رات کی تاریکی میں حملہ کیاہے، اس وقت سے تمام پاکستانی اپنے طریقے سے بیانیہ کی جنگ میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کی میڈیا نے ذمہ داری کامظاہرہ کیاہے،بھارت کے میڈیا نے کل بتایا کہ ملتان کی بندرگاہ پر قبضہ کرلیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں ہونی چاہییے۔موجودہ حالات میں پاکستان کے سوشل میڈیا کے ایکٹویسٹ پاکستان کامقدمہ لڑرہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594933

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں