قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں کوئی بھی شخص عوامی جلسہ منعقد نہیں کرے گا، الیکشن کمیشن

121
Election Commission
Election Commission

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کے تناظر میں کہا ہے کہ کوئی بھی شخص ان حلقوں میں عوامی جلسہ منعقد نہیں کرے گا۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی توجہ الیکشن ایکٹ 2017 سیکشن 182 کی طرف مبذول کراتا ہے جس کے مطابق کوئی بھی شخص کوئی عوامی جلسہ نہیں بلائے گا، نہ منعقد کرے گا اور نہ ہی اس میں شرکت کرے گا اور کوئی بھی شخص انتخابی حلقے کے اندر پولنگ کے اختتام کے بعد آدھی رات کو ختم ہونے والے 48گھنٹوں کی مدت کے دوران کسی بھی جلوس کی تشہیر یا اس میں شامل نہیں ہوگا۔

کوئی بھی شخص جو قانون کی ان دفعات کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا اسے دو سال کی قید کی سزا، یا ایک لاکھ روپے تک کی سزا، یادونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔ان حلقوں میں این اے 108 فیصل آباد ۔8، این این اے ۔ 118 ننکانہ صاحب ۔2 اور این اے ۔ 239 کورنگی کراچی ۔ 1 شامل ہیں۔

لہذا مذکورہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے انتخابی مہمات 26 اور 27 مئی 2023 کی درمیانی شب کو ختم کر دی جائیں۔ سیاسی جماعتوں اور امید واروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ خود کو قانون کی دفعات پر عمل کرنے کا پابند بنائیں تا کہ 28 مئی 2023 کو پولنگ ایک منظم اور پرامن طریقے سے ہو سکے۔