قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔ 75 سیالکوٹ فور ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

51
Polling continues
Polling continues

سیالکوٹ۔10اپریل (اے پی پی):قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔ 75 سیالکوٹ فور ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے، پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے سے ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل ہیں، حلقے میں پرامن پولنگ کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، تمام پولنگ سٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرزکے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

حلقہ این اے۔ 75 سیالکوٹ فورضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کی25یونین کونسلزجبکہ تحصیل پسرور کی 4یونین کونسلزپرمشتمل ہے، جن میں بڈھاگورائیہ،ستراہ،میرتانوالی،راجہ گھمان،بھڑتھانوالہ،بھروکے،گھلوٹیاں،قلعہ کالروالہ اورسوکن ونڈ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ اس حلقے کی کل ووٹروں کی تعداد 4لاکھ94ہزار3ہے۔4لاکھ94ہزار3 ووٹوں میں 2لاکھ73ہزار6مرددووٹر اور2لاکھ20ہزار997خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ 360پولنگ سٹیشنز جن میں انتہائی حساس کیٹیگری اے 47، حساس کیٹیگری بی 176 اور کیٹیگری سی 137 پولنگ سٹیشنز پر فول پروف سکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ آر او آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیاہے۔

سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام نقل و حمل کو مکمل واچ کیا جائے گا جبکہ متنازعہ پولنگ سٹیشنز کے عملہ کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ سیٹ مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی سیدافتخار الحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔اس نشست پرپاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی اورمسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخارمدمقابل ہیں جبکہ تحریک لبیک کے خلیل احمد سندھو اور دیگر 6 آزادامیدواربھی میدان میں ہیں۔