اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور قائم مقام اسپیکر قاسم خان سوری نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب صدر سرمد علی اور سوسائٹی کے دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
جمعہ کو اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں انہوں نے نومنتخب صدر سرمد علی، سینئر نائب صدر جمیل اطہر، نائب صدر شہاب زبیری، سیکرٹری جنرل نظافرین سہگل لکھانی، جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال، فنانس سیکر ٹری اویس خوشنود اور دیگر منتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا انتخاب ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر صحافی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔اسپیکر اور قائم مقام اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے آزادی اظہار رائے ضروری ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اے پی این ایس کی نومنتخب قیادت ملک میں جمہوریت کے استحکام اور ایک فلاحی اور روادار معاشرے کے فروع میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حکومت اور میڈیا کے مابین تعلقات ان کی قیادت میں مزید مستحکم ہوں گے اور اے پی این ایس کے ممبران پبلیکیشنز اداروں کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا۔