قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکی کراچی سٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت حملہ ناکام بنانے پرقانون نافذ کرنے والے اداروں کوخراج تحسین

82

اسلام آباد ۔ 29 جون (اے پی پی) سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پیر کو سپیکر اور ڈپٹی نے حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس اور دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لئے ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے دشمنوں کے ہر حربے کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ سپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔