کوئٹہ ۔ 4 اگست (اے پی پی) قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نے بھارتی ظلم و استبداد کے خلاف لازوال قربانیوں کی نئی داستان رقم کر کے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے،پاکستان تحریک انصاف 5 اگست کو بلوچستان بھر میں یوم استحصال کشمیر بھرپور انداز میں منائی گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ادریس تاج کی قیادت میں ملاقات کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ ہندوستان نے آئین کے آرٹیکل 370 اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے،وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آواز بن کر پوری دنیا میں ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا ہے جس سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے انھوں نے کہا کہ کشمیر میں آرٹیکل 370کے خاتمے کو ایک سال مکمل ہونے پر حکومت کا یوم استحصال کشمیر منانے کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جزبات و امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے،کشمیر کے مسلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔قاسم خان سوری نے کہا کہ آر ایس ایس کے غنڈوں نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ہندوستان میں زمین تنگ کر دی ہے جبکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے انھوں نے کہا کہ ایوان بالا نے کشمیر کے حریت پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کو آزادی کشمیر کیلئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ”نشان پاکستان“دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔