اسلام آباد۔7جون (اے پی پی): قومی اقتصادی سروے برائے مالی سال 23-2022آج( جمعرات کو) جاری کیا جائے گا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارجمعرات کو سہ پہر4 بجکر10 منٹ پرپاک سیکرٹریٹ کے پی بلاک کے آڈیٹوریم میں اقتصادی سروے کے اجراء کی تقریب کی صدارت کریں گے۔
قومی اقتصادی سروے میں جاری مالی سال کے دوران اہم سماجی و اقتصادی اہداف اور مختلف شعبوں میں پیشرفت کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ اقتصادی سروے میں زراعت، مینوفیکچرنگ ، صنعت، خدمات، توانائی،انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، کیپٹیل مارکیٹس، صحت ، تعلیم ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات سمیت مختلف شعبوں میں پیشرفت اوراقتصادی رجحانات کا احاطہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں قومی اقتصادی سروے میں افراط زر ، تجارت ، قرضوں کی ادائیگی، آبادی ، روزگار، ماحولیاتی تبدیلیوں اور سماجی تحفظ کے شعبہ جات میں حکومتی اقدامات اور رجحانات کا بھی تفصیل سے احاطہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اندرونی اوربیرونی چیلنجوں کے باوجود معیشت میں استحکام اورپائیدارنمو کیلئے حکومت کی جانب سے مرتب کردہ پالیسیوں اورحکمت عملی سے اقتصادی نمو اور سپلائی چین میں بہتری آرہی ہے،
موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ میں 76 فیصدکی نمایاں کمی ہوئی جبکہ دوسری جانب ایف بی آر کے محاصل میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ،حکومتی اقدامات سے ملک کے تجارتی خسارہ میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔ زری اورمالی استحکام کیلئے مرتب کردہ پالیسیوں کی وجہ سے معیشت پائیدارراہ پرگامزن ہے۔
خریف کی فصلوں سے زرعی سرگرمیوں اورپیداوارمیں مزید اضافہ ہوگا جس سے مجموعی اقتصادی نمو پراثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت نے خساروں پر قابو پانے کےلئے حکمت عملی مرتب کی جس کی وجہ سے مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں سالانہ بنیادوں پر76.1 فیصدکی نمایاں کمی ہوئی ۔