قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک )کا وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

92
APP54-07 ISLAMABAD: March 07 - Prime Minister Shahid Khaqan Abbasi chairing a meeting of the Economic Coordination Committee (ECC) at PM Office. APP

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی) قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک ) نے راولپنڈی میں200بستروں کے جدید ترین زچہ و بچہ مرکزصحت کے قیام ‘ جنوبی پنجاب تخفیف غربت منصوبے اور راولپنڈی ۔کہوٹہ روڈ کو دو رویہ کرنے سمیت متعدد منصوبہ جات کی منظوری دی ہے۔قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک )کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ ایکنک نے 11638ملین روپے کی مجموعی لاگت سے این ٹی ڈی سی کے ٹیلی کمیونیکیشن اور ایس سی اے ڈی اے نظام کی بہتری و توسیع کی منظوری دی۔راولپنڈی میں5301.41 ملین روپے کی لاگت سے نظرثانی شدہ اوبسٹیٹریکس اور گائنا کالوجی کے لئے 200بستروں کے سینٹر فار ایکسیلینس کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔ایکنک نے آئی ایف اے ڈی کی معاونت سے 7565.78ملین روپے کی مجموعی لاگت سے (نظر ثانی شدہ II-) جنوبی پنجاب تخفیف غربت منصوبے کی بھی منظوری دی اس منصوبے کا مقصد جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے خواتین پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے گھریلو آمدن میں اضافہ ‘ روزگار کے مواقع فراہم کرنا ‘ پیشہ ورانہ و کاروباری تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کم لاگت کے مکانات اور کمیونٹی انفراسٹرکچر کی ترقی ہے۔