قومی انڈر-19 فٹ بال ٹیم کے چناﺅ کے سلسلہ میں فائنل ٹرائلز (کل) ہو نگے

78

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام اے ایف سی انڈر-19 فٹ بال چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے قومی ٹیم کے چناﺅ کے سلسلہ میں فائنل ٹرائلز ( کل) اتوار کو ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس، لیہ میں ہونگے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نارملائیزیشن کمیٹی کے سیکرٹری جنرل کرنل مجاہد اللہ ترین نے بتایاکہ ٹرائلز کے پہلے روز ملک بھر سے ڈھائی سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹرائلز میں یکم جنوری 2001 سے 31 دسمبر 2002 کے درمیان پیدا ہونے والے کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہونگے۔ کھلاڑی ٹرائلز کے وقت عمر کے ثبوت کے لئے شناختی کارڈ یا ب فارم، والدین کے شناختی کارڈ کی کاپی اور ٹرائلز کے لئے پوری کٹ (وردی) اپنے ہمراہ لائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سیدناصر اسماعیل کو کوچ مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ محسن الحسنین اسسٹنٹ کوچ، جعفر خان گول کیپرز کوچ اور محمد شاہد فزیو ہونگے اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے طارق رشید کی سربراھی میں ٹرائلز کےلئے تین رکنی لوکل کوارڈینشن کمیٹی تشکیل دی ہے دیگر ممبران میں محمد عارف اور ساجد محمود شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف سی انڈر-19 فٹ بال چیمپیئن شپ 2 سے 10 نومبر تک عراق میں کھیلی جائے گی۔