قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہاکی کے فروغ کےلئے پر عزم ہیں، اسحاق ڈار

48

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہاکی کے کھیل کے فروغ کےلئے بھرپور تعاون فراہم کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی موجودہ صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

اجلاس میں وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی)، وزیر اطلاعات ، سیکرٹری آئی پی سی ، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور وزارت خارجہ و سمندر پار پاکستانیز کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ قومی کھیل ہاکی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کمیٹی نے مختلف سطحوں پر ادارہ جاتی تعاون، پائیدار ترقی اور کھیل پر نئے سرے سے اجتماعی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔