قومی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں تعاون کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

114
پاکستان اور روس کے درمیان پارلیمانی روابط میں فروغ خوش آئند ہے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز(پیپس) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعرات کو ہوا ۔اجلاس میں ادارے کے مالی اور انتظامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پپس کے قیام کا مقصد پارلیمان کو قانونی اور ٹیکنیکل معاملات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔موثر عوامی قانون سازی کا ملکی ترجیحات اور ترقی سے گہرا تعلق ہے ۔قومی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں تعاون کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔شفافیت کو برقرار رکھنے اور پرفارمنس کو بہتر بنانے کیلئے ادارے کا تھرڈ پارٹی فنانشل اور پرفارمنس آڈٹ کروایا جائے گا ۔ اسپیکر نے کہا کہ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکرز کو بھی گورننگ بورڈ کا مستقل ممبر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان ، سندھ اسمبلی کے سپیکر اویس قادر شاہ، بلوچستان اسمبلی کے سپیکر عبدالخالق خان، خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی ، آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر نذیر احمد کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ پارلیمنٹ مولانا عبدالغفور حیدری، بلال اظہر کیانی، وجیہہ قمر، خورشید احمد جونیجو، مہتاب اکبر راشدی، زرتاج گل اور سید امین الحق نے شرکت کی ۔