قومی ایئر لائن انتظامیہ نے موبائل فون برآمدگی کے معاملہ پرمعطل ایئر ہوسٹس کے خلاف محکمانہ انکوائری کا آغاز کر دیاہے، ترجمان پی آئی اے

117
PIA

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور ایئرپورٹ پر کسٹم حکام کی جانب سے ایئر ہوسٹس سے موبائل فون برآمدگی کے معاملہ پر ایئر ہوسٹس کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیاہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ ابو ظہبی سے لاہور آمد پر کسٹم حکام کی جانب سے چیکنگ کے دوران ائیر ہوسٹس سے جدید سمارٹ فونز برآمد ہوئے تھے جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے فی الفور ائیرہوسٹس کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیااور مزید تحیقات کے لئے محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جرم ثابت ہونے کی صورت میں کمپنی پالیسی کے تحت سخت ترین سزا کا تعین کیا جائے گا۔ قومی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو افسر پہلے سے ہی ایسے غیر قانونی کاموں کی روک تھا م کے لیے ہدایات جاری کر چکے ہیں اور اب ان اقدامات میں مزید سختی سے نمٹنے کی تاکید کے ساتھ متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ قومی ائیر لائن انتظامیہ ملازمین کے کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کرتی۔