اسلام آباد ۔ 30 اپریل (اے پی پی) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے زیراہتمام جاری قومی باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نیوی، پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے چار ، چار میچوں میں کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان ائیر فورس کے کھلاڑیوں نے تین میچوں، سندھ اور بلوچستان کے کھلاڑیوں نے دو، دو جبکہ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پاکستان ریلوے، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے ایک، ایک کھلاڑی نے کامیابی حاصل کی۔ گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے عامر خان باکسنگ ہال میں کھیلے گئے میچوں میں پاکستان نیوی کے داﺅد نے 49 کلوگرام، ارسلان علی نے 56 کلو گرام، شیراز نے 60 کلوگرام اور قادر خان نے 64 کلوگرام میں، پاکستان آرمی کے ایس ایم آصف نے 52 کلو گرام، ابراہیم خان نے 60 کلو گرام، سلمان بلوچ نے 64 کلو گرام، گل زیب نے 69 کلو گرام میں، پاکستان واپڈا کے عطااللہ نے 52 کلو گرام، نقیب اللہ نے 56 کلو گرام، نصیر احمد نے 60 کلو گرام اور علی احمد نے 64 کلو گرام میں کامیابی حاصل کرکے اگلے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ پاکستان ائیر فورس کے مہروز علی نے 52 کلو گرام، نعمت اللہ نے 56 کلو گرام اور سید انور خان نے 69 کلو گرام میں فتح حاصل کی، سندھ کے شعیب رشید نے 49 کلو گرام اور احمد آفریدی نے 56 کلو گرام میں، بلوچستان نے عبدالغنی نے 64 کلو گرام اور عبدالصمد نے 69 کلو گرام میں کامیابی حاصل کی جبکہ گلگت بلتستان کے ابوبکر 49 کلو گرام، آزاد جموں و کشمیر کے انعام اللہ نے 52 کلو گرام میں، پاکستان ریلوے کے نور علی نے52 کلو گرام میں ، خیبرپختونخوا کے محمد وسیم نے 56 کلو گرام اور پنجا ب کے محمد شعیب نے 60 کلو گرام میں کامیابی حاصل کرکے اگلے راﺅنڈ میں داخل ہوگئے ہیں۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر ) ناصر تنگ نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں 14 ٹیموں کے 118 باکسر حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ائیر فورس، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، پاکستان واپڈا، کراچی الیکٹرک، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں دس کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں 49 کلو گرام، 52 کلو گرام، 56کلو گرام، 60کلو گرام، 64کلو گرام، 69 کلو گرام، 75 کلو گرام، 81کلو گرام، 91کلو گرام اور پلس 91 کلو گرام کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 3 اپریل تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔