اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) رواں مالی سال 2017-18ءکے ابتدائی دو ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں 6 فیصد جبکہ اگست کے دوران 17 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے دوران گذشتہ سال کے مقابلہ میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران نٹ ویئرز کی برآمدات میں 21 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو شعبہ کی برآمدات میں سب سے زائد اضافہ ہے۔ اسی طرح بستر کی چادروں اور تولیہ کی برآمدات میں بھی گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران بالترتیب 15 اور 12 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب خام روئی اور سوتی دھاگے کی برآمدات میں کمی واقع ہوئی اور دھاگے کی برآمدات 13 فیصد جبکہ سوتی کپڑے کی برآمدات میں 8 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔ ویلیو ایڈڈ کی مصنوعات میں اضافہ سے شعبہ کی مجموعی برآمدات پر خوشگوار اثرات مرتب ہونے کے علاوہ قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں بھی معاونت حاصل ہوئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71165