اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) پاکستان بلائنڈ بیس بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام قومی بلائنڈ بیس بال چیمپئن شپ 26 مارچ سے ملتان شروع ہو گی۔ پاکستان بلائنڈ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور شور پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی میٹنگ 25 مارچ کو شام پانچ بجے ہوگی جس میں چیمپئن شپ ڈراز کا اعلان اور قوانین کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 26 سے 28 تک کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا جائے گا جس میں اٹلی سے تعلق رکھنے والا کوچ تربیت دیں گے۔ ٹورنامنٹ میں آرگنائزنگ سیکرٹری کے فرائض ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمیل کامران انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ 31 مارچ تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے ٹیموں کے تربیتی کیمپ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ہیں اور کھلاڑی بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب نے انہوں نے کہا کہ نابینا افراد بھی معاشرے کا حصہ ہیں ان کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہمارے سب کے فرائض میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ہو کیونکہ یہ چیمپئن شپ پہلی بار منعقد ہو رہی ہے۔