اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) حکومت کی جانب سے 40 ہزارروپے مالیت کے بانڈز کو ختم کرنے کے بعد 31 اگست 2019ءتک 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے 152 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کردیے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سونگز (سی ڈی این ایس) کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ توقع ہے کہ ستمبرکے اختتام تک اس بانڈ میں سرمایہ کاری کرنے والے 194 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کریں گے۔جولائی اور اگست 2019ءمیں ان بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے بالترتیب 40 اور 112 ارب روپے مالیت کے بانڈز واپس کیے۔سٹیٹ بنک نے رواں سال 24 جون سے تمام کمرشل بنکوں کو 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز کی فروخت بند کرنے کا سرکلر جاری کیاتھا، ان بانڈز کو آئندہ سال 31 مارچ تک کیش یا واپس لینے کی مہلت دی گئی ہے۔