قومی تاریخی ورثہ چینل شروع کر نے کا ارادہ ہے جو پنجابی، سندھی، بلوچی، پشتو اور دیگر زبانوں میں ڈراموں کے لیے وقف ہو گا، جمال شاہ

95
Syed Jamal Shah
Syed Jamal Shah

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے کہا ہے کہ ایک قومی تاریخی ورثہ چینل شروع کر نے کا ارادہ ہے جو پنجابی، سندھی، بلوچی، پشتو اور دیگر زبانوں میں ڈراموں کے لیے وقف ہو گا۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی سے ملاقات میں کیا۔

نگراں وفاقی وزیر نے پریمیئر نیوز ایجنسی کے صدر دفتر کا دورہ کیا ، انہیں مقامی زبانوں اور ملک کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرنے میں ادارے کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ا نہوں نے معاشرے میں اتحاد کو فروغ دینے میں ثقافت اور ورثے کی اہمیت پر زور دیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے وفاقی وزیر کو ورثہ چینل کے آغاز کے لیے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو تعلیم دینے اور معاشرتی اقدار کی تشکیل میں فلموں اور ڈراموں کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر نے ملک میں ڈراموں کی پروڈکشن میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے غیر ملکی مواد نشر کرنے کے بجائے مقامی ڈرامہ انڈسٹری کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک کہ اس کے لوگوں کی اپنی مادر وطن سے مضبوط ثقافتی شناخت نہ ہو۔ جمال شاہ نے اسلام آباد میں ثقافتی مقامات کو بحال کرنے کے لیے اپنی وزارت کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جنہیں فنکار اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی مدت مختصر ہے لیکن وہ کچھ اچھے اقدامات کرنا چاہتے ہیں جو منتخب حکومت جاری رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ہیریٹیج سائٹس صوبوں کے کنٹرول میں دی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وزارت ان مقامات کو محفوظ رکھنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔