اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):مدرسۃ المسلم اسلام آباد کی سالانہ تقریب تقسیم انعا مات و دستار فضیلت گذشتہ روز منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی علی نواز اعوان اور دیگر مقررین نے کہاکہ قومی ترقی میں مدارس غیر معمولی کردار ادا کررہے ہیں ،یہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں ،مدارس کا تعلیمی معیار بلند ہے ،دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید علوم میں طلبہ کی مہارت قابل رشک ہے ،حفاظ قرآن اور علماء کرام ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ، حفظ کی سعادت حاصل کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین خوش نصیب اور مبارک باد کے مستحق ہیں ۔
مقررین میں مولانا ظہوراحمد علوی مسئول وفاق المدارس العربیہ اسلام آباد، ،مولانا قاری محمد سلیمان مہتمم مدرسة عربیہ ٹیکسلا،مولانا سعید عباسی مہتمم مدرسة عربیہ اسلامیہ،مولانا بشیر علوی خلیفہ مجاز مولانا محمد اکرم اعوان ،مولانا عبدالقدوس محمدی ترجمان وفاق المدارس العربیة پاکستان اور دیگر شامل تھے ۔ تقریب تقسیم انعا مات و دستار فضیلت کے موقع پر پانچ خوش نصیب طلبہ کو حفظ قرآن کریم کی تکمیل پر دستار فضیلت پہنائی گئی اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات دیئے گئے۔