قومی خزانے سے چینلز کو پسند اور ناپسند کی بنیاد پر اشتہارات جاری کرنے کا مسلم لیگ( ن) کو حساب دینا ہوگا، میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ، وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر

122

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ قومی خزانے سے چینلز کو پسند اور ناپسند کی بنیاد پر اشتہارات جاری کرنے کا مسلم لیگ( ن) کو حساب دینا ہوگا ،میڈیا کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا ، تحریک انصاف کی حکومت مسلم لیگ ن کی طرف سے میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لئے استعمال کئے گئے مختلف ہتھکنڈوں سے عوام کو آگاہ کرے گی ۔

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہاکہ مہنگائی کا واویلا کرنے والوں نے قوم کے اربوں روپے ذاتی مفادات پر لگانے کا اعتراف کردیا ہے ،ایک طرف میڈیا کے اشتہارات روکے گئے تو دوسری جانب کچھ صحافتی حلقوں کو نوازا گیا ۔

قومی خزانے کی خطیر رقم کے ضیاع کا (ن) لیگ سے حساب لیں گے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کے دور میں میڈیا کی آزادی کو بے دردی سے کچلا گیا ،مریم نواز نے آج دو اعتراف کئے ایک کہ وہ میڈیا سیل کو چلا رہی تھی اور دوسرا یہ کہ انہی کی یہ ویڈیو ہے جس میں نشانہ بنانے اور اشتہارات کو روکے جانے کے احکامات جاری کئے گئے ، اس طرح کے گھنائونے ہتھکنڈے فاشیزم کی مثال ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اس میں یہ نہیں تھاکہ اگر کسی کے اشتہارات روکے گئے تو کسی کو نوازا بھی گیا تھا وہ کون سے میڈیا ہائوسز تھے جن کو نوازا گیا ، ان کا حساب اب ہم لگائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ اس میں وفاقی حکومت کے اربوں روپے لگے لیکن اس میں صوبائی حکومتوں کے بھی پیسے لگے ۔ صوبوں سے بھی اس کا حساب منگوایا گیا ہے تاکہ پتہ چلے کہ وہ کونسے چینل تھے یا پروگرام تھے جن کو نوازا گیا ۔

مسلم لیگ (ن )کے دور میں کئی صحافیوں کو پلاٹوں سے محروم کیا گیا جبکہ اپنے مخالفین کو نشانہ بنایا گیا اور کئی صحافیوں کو ملازمتوں سے محروم ہونا پڑا تاہم اس قسم کے ہتھکنڈے اب مزید برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں حماد اظہرنے کہاکہ مختلف جعلی ویڈیوز اور آڈیوٹیپس مریم نواز کے میڈیا سیل کی کارستانی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی مغربی ملک کے اندر کسی وزیراعظم کی بیٹی نے اس طرح کا اعتراف کیا ہوتا تو ان کا پورا خاندان جیل میں ہوتا ۔