گلگت۔19مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قومی خزانے کا صحیح استعمال یقینی بنائے گی، ہماراکوئی انتقامی ایجنڈا نہیں ہے، قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کو یقینی بنائیں گے، صوبائی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ سی ایم آئی ٹی کی جانب سے مختلف انکوائریوں پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں پاور کے منصوبوں کو مکمل کرنے پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے بجلی کے بحران میں اضافہ ہوا، ہم نے مختصر مدت میں پاور کے منصوبوں کو ٹارگٹڈ کرکے ٹائم لائنز متعین کیں جس کے تحت بجلی کے کافی منصوبے مکمل ہوئے اور اضافی بجلی سسٹم میں شامل ہوئی۔
زیر التواء بجلی کے منصوبوں کی تکمیل تک صوبائی اے ڈی پی میں نئے منصوبے شامل کرنے اور غیر ضروری ریویجنز کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔ بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے گزشتہ دو سالوں میں ڈی جی سیٹس چلانے کی بجائے زیر التواء منصوبوں کی تکمیل پر رقم خرچ کی ہے۔ نظام کی بہتری اور منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے جزاء و سزاء کا نظام سختی سے رائج کرنا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ڈی جی سی ایم آئی ٹی کو محکمہ برقیات میں 2021-22 میں ڈی جی سیٹس کو کرایے پر لینے اور سال 2018-19 میں ڈیزل جنریٹرز کی خریداری کی مکمل انکوائری کرکے رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرنے کے احکامات دیئے۔
اس موقع پر ڈی جی سی ایم آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے مختلف منصوبوں کی انکوائری کے حوالے سے دیئے جانے والے احکامات کی روشنی میں مختلف انکوائریز پر وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599002