لاہور۔28جولائی (اے پی پی):قومی خواتین کرکٹ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں اپنے سفر کا آغاز آج29 جولائی بروز جمعہ کو بارباڈوس کے خلاف میچ سے کرے گی ،ترجمان کے مطابق کپتان بسمہ معروف ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں قومی ریسلر انعام بٹ کے ہمراہ قومی پرچم اٹھائے دستے کی قیادت کریں گی،اس سلسلہ میںایونٹ کی افتتاحی تقریب جمعرات کے روزبرمنگھم میں منعقد ہوئی اورآج بروزجمعہ کو ایجبسٹن میں بارباڈوس کے مدمقابل آنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم31 جولائی بروز اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی،ترجمان کے مطابق ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین میچ 3 اگست کو کھیلا جائے گا اوراس پول کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کریں گی،قومی خواتین کرکٹ ٹیم آئرلینڈ میں سہ فریقی سیریز میں شرکت کے بعد برمنگھم پہنچی ہے، سہ فریقی سیریز میں پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف کھیلا گیا ایک میچ جیتا تھا تاہم آسٹریلیا کے خلاف سمیت باقی تین میچز بارش کی نذر ہوگئے تھے،اس حوالے سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے آئرلینڈ میں موسم کی وجہ سے میچز مکمل نہیں ہوسکے تاہم انہیں تمام پریکٹس سیشنز میں بھرپور ٹریننگ کا موقع ملا جبکہ گزشتہ روز بھی تمام کھلاڑیوں نے ایجبسٹن میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، ڈیوڈ ہیمپ نے کہاکہ بارباڈوس کی ٹیم میں زیادہ تر ویسٹ انڈیز ویمنز کی کھلاڑی شامل ہیں، لہذا یہ میچ آسان نہیں ہوگا،انہوں نے کہاکہ ایجبسٹن کی کنڈیشنز کھیل کے لیے سازگار ہیں اور امید ہے کہ یہاں تینوں پولز میچز مکمل ہوں گے، ترجمان کے مطابق قومی خواتین کرکٹ ٹیم اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال اور طوبہ حسن شامل ہیں،اسی طرح اسپورٹ اسٹاف میں عائشہ اشعر (منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (بالنگ کوچ)، محمد زبیر (اینالسٹ) اور رفعت اصغر گل (فزیو تھراپسٹ) شامل ہیں۔