کراچی۔1جنوری (اے پی پی):قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی ورلڈ کپ مہم کی خاص بات ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح تھی کیونکہ یہ 13سال میں پاکستان کی ویمنز ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی تھی۔ بسمہ معروف نے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیموں کی سال 2022میں کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پی سی بی پوڈکاسٹ کی 42ویں قسط میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے سری لنکا اور آئرلینڈ کے خلاف چھ میں سے پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتے اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر جگہ بنائی۔
اس سال انہوں نے 2014کے بعد پہلی بار سلہٹ میں بھارت کو شکست دی تاہم وہ سیمی فائنل میں سری لنکا سے ایک رنز سے شکست کے باعث اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ نہ بناسکے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سال 2022میں کارکردگی کی عکاسی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز سے بھی ہوتی ہے جہاں طوبہ حسن (مئی)، ندا ڈار (اکتوبر) اور سدرہ امین (نومبر) نے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے گزشتہ سال 13ون ڈے اور 19ٹی ٹونٹی سمیت 32بین الاقوامی میچز میں حصہ لیا، ان میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کرنا بھی شامل تھا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے سال 2022کا آغاز آسٹریلیا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ سے کیا،اس کے علاوہ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں بھی شرکت کی۔