قومی رابطہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی بذریعہ وڈیو لنک شرکت

161

کوئٹہ۔3نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، صوبے میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بلوچستان میں وائرس سے متعلق لوگوں کے رویوں میں پچھلے چھ ماہ کے دوران تبدیلی آئی ہے اور وائرس کے پھیلاو میں کمی آنے کے بعد لوگ ایس او پیز پر سنجیدگی سے عمل نہیں کررہے تاہم حکومت عوام میں احتیاطی تدایبر کو اجاگر کرنے اور ان پر عملدرآمدکو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے، وزیراعلیٰ نے اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق ایک موثر میکنزم اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باقی صوبوں کی نسبت بلوچستان کے حالات مختلف ہیں، یہاں موسم ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کے باعث کووڈ۔19 کے زیادہ اثرانداز ہونے کا خدشہ ہے، عوام کی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل لاک ڈاون کی طرف نہیں جاسکتے، کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ہمیں موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام پبلک سیکٹر دفاتر میں ماسک پہننے کو لازمی قراردیا ہے، وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بحیثیت ایک متحد قوم وفاق، صوبے اور عوام مل کر کورونا وائرس کی اس دوسری لہر پر بھی قابو پالیں گے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی خیریت دریافت کی اور کورونا سے جلد صحت یابی پر ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر حاجی محمد خان طوراوتمانخیل، پارلیمانی سیکرٹریز ڈاکٹر ربابہ بلیدی، دھنیش کمار، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔