27.7 C
Islamabad
بدھ, اپریل 30, 2025
ہومقومی خبریںقومی سالمیت کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے، ملک کو درپیش...

قومی سالمیت کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے، ملک کو درپیش حالیہ چیلنجز کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں، اداروں اور عوام نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے،اسحاق ڈار

- Advertisement -

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ قومی سالمیت کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے، ملک کو درپیش حالیہ چیلنجز کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں، اداروں اور عوام نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے،سینیٹ کی جانب سے متفقہ قرارداد کا منظور ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تمام اراکین سینیٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے متحد ہو کر ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی نمائندگی کرتے ہوئے سینیٹ آف پاکستان نے ایک واضح اور متفقہ قرارداد کے ذریعے دنیا کو باور کرایا ہے کہ قومی سالمیت کے معاملے پر قوم متحد ہے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن کے تمام اراکین نے افہام و تفہیم کے ذریعے قرارداد کا مسودہ تیار کیا، جو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں ملکی سالمیت کا مسئلہ ہے، وہاں کسی قسم کی تفریق نہیں اور سینیٹ نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔

- Advertisement -

وزیر خارجہ نے عالمی سطح پر کی گئی سفارتی کاوشوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، چین، آذربائیجان، بحرین اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قطر کے وزیر اعظم سے بھی اس سلسلے میں تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔پاکستان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں، الحمدللہ ہم پر کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ ان ممالک سے جو روابط ہوئے، ان سے ہمارے تعلقات بہت خوشگوار ہیں۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں سول و ملٹری قیادت نے یکجہتی کا پروگرام دیا اور سینیٹ نے متفقہ قرارداد کے ذریعے دنیا کو پیغام دیا کہ پوری قوم متحد ہے۔

انہوں نے اپوزیشن لیڈر سمیت تمام اراکینِ سینیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی جیسے حساس معاملے پر تمام سیاسی وابستگیاں پسِ پشت ڈال کر ایک مضبوط، مشترکہ موقف سامنے آیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، چین، ترکی، اور ہنگری کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کر کے صورتحال کی تفصیل سے وضاحت کی۔ انہیں ذاتی طور پر بریف کیا گیا کہ اصل حقائق کیا ہیں اور پاکستان کے خدشات کیا ہیں۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ کئی ممالک کی طرف سے خود بھی ان سے رابطہ کیا گیا، جو اس معاملے پر پاکستان سے بات کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفتر خارجہ اپنے سرکاری ٹویٹر اکائونٹ کے ذریعے میڈیا اور عوام کو مسلسل آگاہ کر رہا ہے اور شفاف اطلاعات پہنچائی جا رہی ہیں۔اسحاق ڈار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین اور ترکی نے اس معاملے پر پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کی ہے اور واضح سٹینڈ لیا ہے، جو پاکستان کی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ نے بالکل واضح کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں اور چینی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ترک وزیر خارجہ نے بھی ذاتی طور پر یقین دلایا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اب ایسی پالیسی نہیں چلے گی بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے آج ثبوتوں کے ساتھ انڈین دہشت گردی کے خلاف پریس کانفرنس کی اور پہلگام واقعے کے حوالے سے ٹھوس شواہد قوم کے سامنے رکھے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلگام واقعے کے بعد 24 اپریل کو بھارت سے ایک خط موصول ہوا، جس میں سندھ طاس معاہدہ سے متعلق کہا گیا کہ حالات بدل چکے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پلوامہ کا ڈرامہ ہو یا پہلگام کا، بھارت آج تک ثبوت پیش نہیں کر سکا اور اب بھی صورتحال مشکوک ہے۔

وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ ہمیں اندیشہ ہے کہ یہ جنگ ابھی جاری رہے گی اور اگر بھارت نے ہمارے پانی کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی، تو یہ جنگ ہوگی۔انہوں نے دوٹوک اعلان کیاکہ پانی ہماری لائف لائن ہے، اس پر ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589824

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں