پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سینیٹر رانا محمود الحسن نے کہا ہے کہ قومی سلامتی، مضبوط دفاع، نوجوانوں کی فنی تربیت اور آبی وسائل کا تحفظ پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
قومی سلامتی، مضبوط دفاع، نوجوانوں کی فنی تربیت اور آبی وسائل کا تحفظ پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں، سینیٹر رانا محمود الحسن
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے سینیٹر رانا محمود الحسن نے کہا ہے کہ قومی سلامتی، مضبوط دفاع، نوجوانوں کی فنی تربیت اور آبی وسائل کا تحفظ پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ بدھ کو سینیٹ میں بجٹ پر بحث کے دوران انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم قومی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سینیٹر رانا محمود الحسن نے نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرنے، فنی تربیت کے اداروں کو مضبوط بنانے اور جنوبی پنجاب سمیت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل کے لیے مکالمہ، برداشت اور اتفاق رائے کی پالیسی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔









