قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ سے ترکی کے سفیر کی ملاقات

114

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ ترکی ہمارا عظیم دوست اور دونوں ملکوں کا مستقبل درخشاں ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات ترکی سفیر بابر گرگین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ قومی سلامتی کے مشیر نے پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ترک سفیر نے اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر کو ترکی میں ریفرنڈم، شام کی تازہ صورتحال اور ترکی کے صدر کے حالیہ دورہ بھارت کے بارے میں بریفنگ دی۔ سی پیک اور وسطی ایشیائی ریاستوںکا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان،ایران اور ترکی کی جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہمیت ہے کیونکہ یہ ممالک یہ ممالک یورپی اور باقی ماندہ دنیا سے رابطوں کا اہم ذریعہ ہیں۔ سفیر نے کہا کہ ترکی تمام بین الاقوامی فورمز میں پاکستان اور مسلہ کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔