قومی سینئر ویمن اور بوائز انڈر17 ایشین سٹائل کبڈی ٹیموں کے چنائو کے لئے اوپن ٹرائلز 12 جنوری کو منعقد ہونگے

111
قومی سینئر ویمن اور بوائز انڈر17 ایشین سٹائل کبڈی ٹیموں کے چنائو کے لئے اوپن ٹرائلز 12 جنوری کو منعقد ہونگے

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی سینئر ویمن اور بوائز انڈر17 ایشین سٹائل کبڈی ٹیموں کے چنائو کے سلسلہ میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز 12 جنوری کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس (حمیدی ہال)، اسلام آباد میں صبح 9 بجے شروع ہونگے۔

گزشتہ روز پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے بتایا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر اور صوبائی وزیر پنجاب چوہدری شافع حسین کی ہدایت کے مطابق بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے مضبوط ٹیمیں تیار کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

منتخب ٹیموں کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سینئر ویمن(75 کلوگرام) ٹیم دوسرے سینئر ویمن ورلڈ کبڈی کپ میں حصہ لے گی یہ ورلڈ کبڈی کپ 5 سے 15 مارچ تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ بوائز انڈر17 (75 کلوگرام) ٹیم ایشین یوتھ گیمز میں حصہ لے گی۔

یہ گیمز 22 سے 31 اکتوبر تک بحرین میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ٹرائلز وقت اپنے ہمراہ دو عدد پاسپورٹ سائز فوٹو بمعہ اصل شناختی کارڈ یا نادرا "ب” فارم لائیں. انہوں نے کہا کہ ٹرائلز کے سلسلہ میں پاکستان کبڈی فیڈریشن سے منسلک تمام ڈیپارٹمنٹس، صوبائی اور ریجنل ایسوسی ایشنز کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔