اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):ڈومیسٹک ہاکی کا پریمیئر ایونٹ قومی سینئر ہاکی چیمپئن شپ کا چھیاسٹواں ایڈیشن 3 سے 15 نومبر تک ماری پیٹرولیم ہاکی اسٹیڈیم ، ایوب پارک ، راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ پینسٹھویں قومی سینئر ہاکی چیمپیئن شپ کی درجہ بندی کے مطابق چیمپیئن شپ کے چھیاسٹویں ایڈیشن کے لئے کوالیفائی کر نے والی ٹیموں میں نیشنل بینک آف پاکستان، سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان واپڈا،پاکستان آرمی، پی آئی اے، پاکستان نیوی، پورٹ قاسم اورپاکستان پولیس شامل ہیں چیمپیئن شپ ایف آئی ایچ کے جاری کردہ ٹورنامنٹ کےقواعد و ضوابط کے مطابق کھیلی جائے گی۔ ٹرے چیمپیئن شپ کی دوٹاپ ٹیمیں سینئر ہاکی چیمپین شپ میں کوالیفائی کریں گی۔ جس کے ساتھ قومی سینئر ہاکی چیمپین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 10 ہوجائے گی۔