اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):قومی علماء و مشائخ کونسل کانفرنس کے شرکاء نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور جمعہ 16 مئی کو ملک بھر میں یوم تشکر اور یوم پاکستان منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں قومی مشائخ و علماء کونسل کانفرنس منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ کی رہنمائی اور تجاویز پر عمل پیرا ہو کر اہم فیصلے کریں گے، مختلف علاقوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام کی تجاویز کی روشنی میں جو بھی فیصلے ہوں گے، اس میں سب کا فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ علماء کرام کی سرپرستی بہت ضروری ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم امن اور یوم تشکر منایا جائے گا اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے گذارش کی کہ امت مسلمہ میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور فتویٰ بازی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم فلسطین پر ہونے والے مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملہ پر اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پر ہونے والے مظالم بھی قابل مذمت ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں خو ان کا حق ملنا چاہئے۔
کانفرنس میں پیش کردہ تمام تجاویز کو وزارت مذہبی امور سنجیدگی سے لے گی، ناموس رسالت کے حوالہ سے پہلے سے قائم سیل کو دوبارہ بحال کریں گے، اس طرح کے اجلاس نہ صرف وفاق بلکہ دیگر صوبوں میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کشمیر و گلگت بلتستان علامہ شبیر عثمانی نے کہاکہ جب مودی نے مدارس پر حملہ کیا تھا تو اسی وقت میں نے کہا تھا کہ اب مودی کا کام تمام ہوگیا ہے، یہ جنگ طلبا، ائمہ مساجد اور علماء کرام کی دعائوں سے جیتی گئی ہے، کانفرنس میں جو بھی تجاویز دی گئی ہیں، وہ وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔
علماء نے مدارس بل کے علاوہ بھی جو تجاویز دی ہیں وہ بھی وزیراعظم تک پہنچائیں جائیں گی، حکومت کے دروازے تمام علماء کرام کیلئے کھلے ہیں، علماء کرام کو جب بھی ہماری ضرورت ہوگی، ہم ہر وقت ان کیلئے حاضر ہوں گے۔ مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا، علماء و مشائخ کونسل افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر وقت ہر محاذ پر ان کے ساتھ ہے، یہ کونسل شہداء کے حق میں ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعاگو ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی ممالک سے دشمن کی جارحیت پر نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں، پوری قوم ملکر جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر اور یوم پاکستان کے طور پر منائی گی۔ جمعہ کے اجتماعات میں علماء کرام وطن عزیز کے دفاع اور اس کامیابی پر خصوصی دعائیں بھی کریں گے۔
مذہبی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وزیر مذہبی امور کو شاندار کانفرنس کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اس طرح کی کانفرنسوں کے انعقاد سے وسائل اور تجاویز بہتر طریقے سے اجاگر کی جا سکتی ہیں، معرکہ حق کی ہمیں بہت بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے، ہماری بہادر افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیکر ساری دنیا کو بتا دیا ہے کہ ہم پرامن قوم ہیں اور اپنا دفاع بھی کر سکتے ہیں۔
بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں خو شہید کیا، ہماری مساجد اور مدارس کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے قرآن الحکیم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حق ہمیشہ رہے گا اور باطل ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس کونسل کو آنے والے وقت میں مزید مضبوط بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597333