اسلام آباد ۔ 11 فروری (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ حکومت پوری توجہ کے ساتھ قومی معیشت کو بہتر بنانے اور اداروں میں اصلاحات لانے کے لیے بالکل درست سمت کی طرف گامزن ہے۔ پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 35 سالوں کے نقصانات پر قابو پانے میں وقت لگے گا جس میں گزشتہ حکومتیں قومی دولت لوٹنے میں ملوث رہیں اور ان سابق حکومتوں کی ناکام اور غیر موثر پالیسیوں نے اداروں کے کام میں مشکلات پید اکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دیانتدار اور مخلص قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں کے اندر سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ موثر و کارآمد پالیسیوں کے باعث موجودہ حکومت عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی ہے جو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔