قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 11 فروری سے اسلام آباد میں شروع ہو گی

174

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے قومی مینز اینڈ ویمن نیٹ بال چیمپئن شپ 11 فروری سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم میں شروع گی۔ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر رزاق آرائیں نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں۔

چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے 16 ٹیموں کو دعوت نامے جاری کردیئے گئے ہیں جن میں پاکستان آرمی، پاکستان ریلوے، پاکستان ائیرفورس، پاکستان نیوی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، پاکستان انٹر بورڈ، ہائرایجوکیشن کمیشن، لاہور گرائمز سکول، فاٹا، لمز، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا کی ٹیمیں مردوں اور خواتین کے ایونٹ میں اپنے ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی منیجرز میٹنگ 10 فروری کو شام چار بجے ہوگی۔

چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے 13 فروری کو اور فائنل مقابلے 14 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز، اسناد اور دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے دوران اچھی کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے قومی ٹیموں میں شامل کیا جائے گا۔