اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):قومی نصاب سمٹ 2024 علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اختتام پذیر ہو گیا۔ 2 روزہ سمٹ میں پاکستان میں تعلیمی نصاب کو بہتر بنانے اور اصلاحات پر غور کیا گیا جس میں پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم اور نصاب سے متعلق افراد نے شرکت کی۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ملک کو جدید او رجامع تعلیمی نظام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی ’’سٹیم تعلیم ‘‘کی اہمیت پر زور دیا۔
نیشنل کریکولم کے جوائنٹ ایجوکیشنل ایڈوائزر ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے شرکاء کی سائبر سکیورٹی کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے نصابی اصلاحات کی پیشرفت ، مہارتوں کی ترقی، آئی ٹی اور ماحولیات میں آنے والی حالیہ پیشرفت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شرکاء اور پینلسٹ کا شکریہ ادا کیا۔ سمٹ اجلاس میں تدریسی طریقہ کار اور 21ویں صدی کیلئے نئی مہارتوں کے انضمام سے متعلق چیلنجز پر بھی توجہ دی گئی۔ سمٹ کا اہتمام وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے قومی نصاب کونسل کے مشترکہ تعاون سے کیا تھا۔