پشاور۔ 07 دسمبر (اے پی پی):قومی ووٹرز ڈے منانے کا مقصد ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، یہ بات صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا شمشاد خان نے پشاور میں قومی ووٹرز ڈے کے حوالہ سے صوبائی سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب میں الیکشن کمیشن کے افسران اور عملہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی، انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آئینی اور خودمختار ادارہ ہے، جس کی بنیادی ذمہ داری ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات منعقد کرانا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست جاری کردی ہے اور عام انتخابات کے لئے تیاریاں کی جارہی ہیں،
شمشاد خان نے مزید بتایا کہ قومی ووٹرز ڈے کی مناسبت سے ریجنل الیکشن کمشنرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز صاحبان کی زیرنگرانی سیمینارز اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے،جس کا مقصد نوجوانوں میں ووٹ کی اہمیت اور اپنی طاقت کی پہچان کروانا ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں ٹرن آوٹ میں خاطرخوا اضافہ ہو، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ عام انتخابات میں ٹرن آوٹ تقریبا 44فی صد رہا، جس میں اضافے کی گنجائش موجود ہے،
صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں تمام پولنگ اسٹیشنوں میں سہولیات کا جائزہ لیا گیا ہے،صنفی فرق کو کم کرنے کے لئے کوشاں ہیں، شمشاد خان نے کہا کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے منع کرنا قانونا جرم ہے، صوبائی الیکشن کمشنر نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کے انعقاد میں انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین رہا ہے، توقع ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی یہ تعاون جاری رہیگا،اس سے پہلے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا عزیز بہادر نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔