قومی ویمنز ون ڈے کپ میں کانکرز نے چیلنجرز اور سٹارز نے سٹرائیکرز کو شکست دیدی

143

راولپنڈی۔12دسمبر (اے پی پی):قومی ویمنز ون ڈے کپ میں کانکرز نے چیلنجرز اور سٹارز نے سٹرائیکرز کو شکست دے دی ۔ پی سی بی کے زیر اہتمام قومی ویمنز ون ڈے کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

گزشتہ روز شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 11 ویں میچ میں کانکرز نے چیلنجرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ چیلنجرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 32 اوورز میں 158 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔

کپتان عالیہ ریاض نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے ۔ چیلنجرز کی طرف سے سیدہ عروب شاہ نے 4 ، ماہ نور آفتاب نے 3 اور فاطمہ ثناء نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔

جواب میں کانکرز نے مطلوبہ ہدف حفصہ خالد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 36.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

حفصہ خالد نے 12 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ چیلنجرز کی طرف سے زیب النساء نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ حفصہ خالد کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا ۔

ڈائمنڈ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 12 ویں میچ میں سٹارز نے سٹرائیکرز کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ سٹرائیکرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 30.5 اوورز میں 106 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔

عائشہ بلال 24 رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔ سٹارز کی طرف سے رامین شمیم اور طوبیٰ حسن نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں سٹارز نے مطلوبہ ہدف 23.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔

صدف شمس 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں ۔ سدرہ امین نے 33 اور سوہا فاطمہ نے 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ رامین شمیم کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔