اسلام آباد ۔ 3 مئی (اے پی پی) قومی ٹیم چائنیزتائپے میں شیڈول 18 ویں ایشین سکوائش ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ ایونٹ 11 سے 16 مئی تک کھیلا جائے گا اور گرین شرٹس تیسری بار اعزاز کے دفاع کےلئے قسمت آزمائی کرے گا۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف) کے حکام کے مطابق چیمپئن شپ میں فرحان زمان، طیب اسلم، فرحان محبوب اور اسرار گل ملک کی نمائندگی کریں گے جبکہ فہیم گل ٹیم کوچ اور عامرنواز مینجر ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ کے سلسلے میں قومی کھلاڑی فہیم گل کی زیر نگرانی سخت تیاریوں میں مصروف ہیں اور امید ہے کہ اس بار بھی ٹیم ٹائٹل کے دفاع میں سرخرو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے 9 مئی کو چائنیزتائپے روانہ ہو گی۔