دبئی ۔29اکتوبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے جارحانہ بلے باز آصف علی نے ایک بار پھر پاکستان کو فتح دلا کر فنیشر کا خطاب درست ثابت کردیا۔ جمعہ کو دبئی میں افغانستان کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جب بابراعظم اور شعیب ملک کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گریں تو پاکستان کی ٹیم مشکل میں آگئی تھی۔
پاکستان کو 24 رنز درکار تھے تو ایسے میں شاداب خان نے 18ویں اوور کی آخری گیند پر رن لینے کی کوشش کی تاہم آصف علی نے انہیں رن لینے روک دیا۔
اگلے اوور میں آصف علی نے 6 گیندوں پر افغان بائولر کریم جنت کو 4 بلند و بالا چھکے مار کر اور پاکستان کو 19ویں اوور میں ہی فتح دلا دی۔
واضح رہے آصف علی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی تین چھکے لگا کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ آصف علی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔