قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹرسرفرازاحمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری سنچری بناڈالی

215
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹرسرفرازاحمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری سنچری بناڈالی

کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری بنالی ، کیویز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی جاری سیریز میں انہوں نے یکے بعد دیگرے تین نصف سنچریاں اور ایک سینچری اسکورکی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز جمعہ کو سرفرازاحمد نے دوسری اننگز میں اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی دوسری سینچری بنائی۔ انہوں نے اپنی سینچری میں 207 منٹ میں 135 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔انہوں نے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی 78 رنز بنائے تھے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔35 سالہ کرکٹر سرفراز احمد تقریبا چارسال بعد پہلے ٹیسٹ میچ کی پلیئینگ الیون میں شامل ہوئے تھے، وہ اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوم سیریز کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے پہلی اننگز میں 86اور دوسری اننگز میں 53رنز بنائے تھے۔سرفرازاحمد کایہ 51 واںٹیسٹ میچ ہے، وہ ابتک 3سنچری اور 21نصف سنیچریاں بناچکے ہیں، ان کا سب سے زیادہ اسکور 112رنز ہے، انہوں نے 89اننگز میں 2874 رنز بنائے ہیں اور وہ 13مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے ہیں۔وکٹ کیپنگ میں انہوں نے 150کیچ اور21سٹیمپ آئوٹ کئے ہیں۔