قومی کبڈی ٹیم چھٹی ایشین بیچ گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، رانا محمد سرور

177

اسلام آباد ۔ 11ستمبر(اے پی پی) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور نے کہا کہ ہے کہ قومی کبڈی ٹیم چھٹی ایشین بیچ گیمز میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی، چھٹی ایشین بیچ گیمز آئندہ برس 2 سے 10 اپریل تک چین کے شہر سانیا میں شروع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سرکاری خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی کھیل ہے اور ملک میں اس کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور پاکستان نے عالمی سطح کے علاوہ بین الا قوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کبڈی کے کھیل کی ترقی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سر پرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اس لئے حکومت اور سپانسرز کی کھیلوں کی ترقی کے لئے سرپرستی بہت ضروری ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے کہا کہ اس وقت ہمارا ثقافتی کھیل کبڈی ملک کے کونے کونے اور دیہاتی سطح پر کھیلا جا رہا ہے اور تعلیمی اداروں میں بھی اس کھیل کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں۔ ایشین بیچ گیمز کے حوالے سے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں رانا سرور نے بتایا کہ ایشین بیچ گیمز کے تربیتی کیمپوں کے حوالے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گذشتہ روز ایک اجلاس بلایا تھا جس میں ایشین بیچ گیمز میں شرکت کرنے والی نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین بیچ گیمز کے لئے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ اور دیگر سہولیات کے حوالے سے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندوں نے اپنی اپنی تجویزیں دیں، جس پر وفاقی وزیر نے بہت مثبت رد عمل کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر، پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شاہ نعیم ظفر، الپائن کلب آف پاکستان کے صدر ابوظفر صادق، پاکستان ہینڈبال فیڈریشن کے صدر حاجی محمد شفیق چوہدری، پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار، پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کمانڈر محمد اکرم اور پاکستان جوجیسٹو فیڈریشن کے نمائندے تحسین اللہ نے شرکت کی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ترجمان اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل ) محمد اعظم ڈار نے بتایا کہ اجلاس میں ایونٹ میں تمغے جیتنے، کیمپس لگانے، مقامات اور غیرملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹے ایشین بیچ گیمز میں پاکستانی دستے کو گیمز میں بھیجوانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں قومی دستے کو بھیجنے کی اصولی طور پر منظوری دی گئی اور جس کا فیصلہ بعد میں وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان سپورٹس بورڈ، نیشنل سپورٹس فیڈریشنز اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کرے گی۔