قومی کرکٹ ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں نئی اوپننگ جوڑی کو آزمانے کا امکان

126

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کپتان بابراعظم کے ان فٹ ہونے کے بعد نئی اوپننگ جوڑی کو میدان میں اتارا جائے گا۔ 18 دسمبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی 20 سیریز کے آغاز سے قبل کپتان بابر اعظم پریکٹس میچ کے دوران انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ فخر زمان بخار کی وجہ سے دورہ نیوزی لینڈ میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ ان دونوں کی غیر موجودگی میں نیوزی لینڈ کے خلاف نیا اوپننگ پیئر میدان میں اتارا جائے گا۔ بابر اعظم کی انجری کے بعد زمبابوے کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں 41 رنز کی خوبصورت اننگز کھیلنے والے نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو اوپنر کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ شاہینز سکواڈ میں شامل ذیشان ملک نے پریکٹس میچ میں تیز رفتار نصف سنچری بنا کر اپنی جانب توجہ مبذول کروائی ہے تاہم وہ ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔