لاہور۔5جنوری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کیخلاف سولہ رکنی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا اعلان کردیا، دونوں ٹیموں کے مابین تین میچز پر مشتمل سیریز کے میچز 9،11 اور13 جنوری کو نیشنل بنک کرکٹ ایرینا کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ترجمان کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سینٹرل پنجاب کے بیٹر طیب طاہر اور اسپنر اسامہ میر کو پہلی مرتبہ قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے،اسی طرح شان مسعود اور حارث سہیل کی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں واپسی اورکامران غلام بھی قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے مکمل فٹنس بحال اور انہیں دوبارہ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم میڈیکل پینل سے مشاورت کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو فی الحال اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔اسی طرح آسٹریلیا میں بگ بیش کرکٹ کے دوران انجری کے باعث پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان کو سلیکشن کے لیے زیرغور نہیں لایا گیا۔ترجمان کے مطابق پاکستان کے ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میںبابراعظم (کپتان)، فخر زمان، حارث رئوف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر شامل ہیں۔اس حوالے سے عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان نے محدود ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تاہم رواں سال پاکستان کو اس طرز کی کرکٹ میں اے سی سی ایشیاء کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایشیاء کپ سے قبل ہی پاکستان کو گیارہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں جہاں ہر ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ان ایونٹس کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اسی تناظر میں شان مسعود اور حارث سہیل کی دوبارہ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، یہ دونوں کھلاڑی ابھی بھی پاکستان کرکٹ کو بہت صرف کرسکتے ہیں،
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر طیب طاہر اور اسامہ میرکو نہ صرف اسکواڈ میں شامل کیا ہے بلکہ انہیں مستقبل کے لیے بھی بیک اپ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے، وہ آئندہ سیریز کی سلیکشن کے لیے زیرغور ضرور رہیں گے، فخر زمان اور حارث سہیل کی جانب سے مکمل فٹنس حاصل کرنے پر انہیں خوشی ہے تاہم شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کو فٹنس وجوہات کے باعث اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔