قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کراچی پریس کلب کی جانب سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب

92
APP46-27 KARACHI: March 27 - Captain Quetta Gladiators Sarfraz Ahmad addressing during a reception in honour of winner team of Pakistan Super League Fourth Edition (PSL-4) 2019 at Press Club. APP Photo by Abbas Mehdi

کراچی۔ 27 مارچ (اے پی پی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ تین برسوں سے کوئٹہ کلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ٹائٹل کے لئے کوشاں تھی، انتھک محنت کر کے اس سال چیمپئن بنے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب کی جانب سے پی ایس ایل 2019ءکی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اعزاز میں بدھ کے روز دئےے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر، کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کراچی پریس کلب میں دئےے جانے والے استقبالیہ کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے لئے اپنی خدمات جاری رکھوں گا، امید ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ میں مزید فتوحات حاصل کرے گا۔ اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد نے ولولہ انگیز قیادت کر کے فتح سے ہمکنار کرایا۔ انہوں نے کامیابی کو ٹیم ورک قرار دیتے ہوئے ٹیم کے منیجر اعظم خان کی خدمات کو بھی قابل قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مداحوں نے پزیرائی بخشی جبکہ کوئٹہ میں فقید المثال اور تاریخی استقبال ہمیشہ یاد رہے گا۔ ندیم عمر نے تقریب کے انعقاد پر کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں بلوچستان سے کرکٹ کے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ بعد ازاں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران نے سرفراز احمد کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے انہیں کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وجہ سے بلوچستان کا نام بھی روشن ہوا، سرفراز احمد قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی کلب کی لائف ممبر شپ ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔