اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):قومی کمیشن برائے انسانی حقوق (این سی ایچ آر ) نے ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے لیگل ایڈ سوسائٹی (ایل اے ایس) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے سندھ اور جنوبی پنجاب کے لیے ایک جامع دو سالہ پروگرام ”پاکستان میں مذہبی آزادی کا تحفظ اور فروغ“ کے نفاذ کیلئے تعاون کریں گے۔
اس پروگرام کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کے ماحول کو فروغ دینا اور اقلیتوں کے حقوق کو تقویت دینا ہے ۔ اگلے دو سال میں اس پروجیکٹ کے تحت مذہبی اقلیتی برادریوں کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں آگاہی دینے ، انصاف کے شعبے کی صلاحیت کو بڑھانےاور جامع مکالمے کو فروغ دیا جائے گا ۔جس سے مثبت قانونی، سیاسی اور سماجی بیانیے کی تشکیل ممکن ہوسکے گی ۔
پروجیکٹ کے دیگر اہم شراکت داروں میں آہنگ اور روشنی ویلفیئر آرگنائزیشن بھی شامل ہیں۔ پروجیکٹ اورینٹیشن ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے این سی ایچ آر کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا نے شرکاء کو پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمیشن کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات اور کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کمیشن کے مینڈیٹ اور خواتین ، اقلیتوں اور خواجہ سرائوں کے حقوق، ذہنی صحت، چائلڈ لیبراور افغان مہاجرین کی حالت زار کے بارے میں بھی تفصیلات بتائیں ۔
انہوں نے کہا کہ این سی ایچ آر کی مہارت لیگل ایڈ سوسائٹی کے ساتھ مل کر اس پروجیکٹ کے قانونی حصے کی رہنمائی میں اہم ثابت ہوگی۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایل اے ایس حیا ایمان زاہد نے ایل اے ایس کے وژن اور مشن پر روشنی ڈالی اور پروگرام کے جامع اور موثر نفاذ کے لیے حکمت عملی بارے آگاہ کیا۔ ایل اے ایس کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ملیحہ ضیاء لاری نے شرکاء کو پروجیکٹ کے آغاز اور سٹریٹجک ڈیزائن کے بارے میں آگاہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415070