اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ( این سی ایچ آر ) نے یونیورسٹی کے طلباء میں انسانی حقوق کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے متعدد اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں(ایم او یو) پر دستخط کئے ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کی شفا تعمیر ملت یونیورسٹی اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرتے ہوئے اس عزم کی تائید کی گئی ہے کہ مختلف افراد کو بااختیار بنانے، طلباء کے درمیان احترام، مساوات اور انصاف کے کلچر کو فروغ دینے اور تعلیم کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے مل کر کام کیا جائے گا ۔
بدھ کو این سی ایچ آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرپرسن این سی ایچ آر رابعہ جویری آغا نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ منسلک ہو کر این سی ایچ آر ایک ایسے معاشرے کو فروغ دے گا جو انسانی حقوق کے اصولوں کی قدر کرتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کے متعلق خواندگی کے ذریعے ایک زیادہ منصفانہ اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں ہیں ۔
انہوں نے انسانی حقوق کے تعلیمی پروگراموں کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد میں انسانی حقوق کے اداروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کمیشن ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے میں سرگرم عمل ہے۔ یہ شراکت داری انسانی حقوق کے ایکٹ کے سیکشن (h) 9کے مطابق انسانی حقوق کی تعلیم، انسانی حقوق کے بارے میں آگاہی دینے ، رویوں و طرز عمل کو تبدیل کرنے ، رواداری اور امن کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اہم ہے۔
ممبر بلوچستان پروفیسر فرخندہ اورنگزیب کی سربراہی میں این سی ایچ آر کی ٹیم نے حال ہی میں مختلف یونیورسٹیوں کے اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئی ملاقاتیں کی ہیں جبکہ ٹیم نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کے ساتھ دو میٹنگز کیں جن میں انسانی حقوق کی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ایک مفاہمت کی تجدید پر زور دیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں اب تک شفا تعمیر ملت یونیورسٹی اسلام آباد کی فیکلٹی آف سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر طاہر خلیلی اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عزیرہ رفیق کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے اور این سی ایچ آر اسی طرح کے تعاون کیلئے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی، کیو اے یو ، کامسیٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے ۔
مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے بنیادی مقاصد میں طلباء میں انسانی حقوق کے شعبے میں بیداری اور دلچسپی پیدا کرنا، تعلیمی نصاب کے ذریعے انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں سے متعلق تحقیق، مباحثے اور سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا، بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی تفہیم کو فروغ دینا ،پسماندہ گروہوں کو ان کے حقوق کے بارے میں بتانا اور ایسے فورمز، مباحثوں اور سرگرمیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو انسانی حقوق سے متعلق آگاہی کے کلچر کو بڑھانے میں معاون ہوں ،شامل ہیں۔
مزید برآں، اس تعاون کے نتیجے میں تعلیمی نصاب سے متعلقہ انسانی حقوق کے مسائل پر سیمینارز، مذاکرے، ورکشاپس، مضمون نویسی کے مقابلوں، مباحثوں اور آرٹ کے مقابلوں کے انعقاد میں سہولت دینے کے علاوہ انسانی حقوق کی خواندگی کو بڑھانے کے لئے تعلیمی مواد اور وسائل فراہم کئے جائیں گے ۔