اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں(این سی ایس ڈبلیو) اور پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈویلپمنٹ ایڈووکیسی (پودا ) کے اشتراک سے جمعرات کو یہاں 15ویں سالانہ 3 روزہ دیہی خواتین قیادت کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔ اس سال کانفرنس کا موضوع "قدرتی آفات سے بچائو اور بہتر انتظامی امور میں دیہی خواتین کا کردار” ہے ۔ کانفرنس کے انعقاد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرہ کے اداروں نے بھرپور تعاون کیا۔
ملک بھر سے تقریبا 1200کے قریب دیہی خواتین نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ افتتاحی نشست سے وفاقی وزرا کے علاوہ چیئرمین پودا ڈاکٹر زرینہ سلامت ، صدر پودا ثمینہ نذیر ، عائشہ تسلیم، ڈائریکٹر یورپی یونین وفد سیون روشے کے علاوہ ملک بھر سے آنے والی خواتین رہنمائوں نے خطاب کیا جن میں ،مائی نعمت اسلام آباد ، ڈائریکٹر سیپ مظفرآباد ،بشریٰ تبسم ، لبنیٰ بی بی کرم ایجنسی ، ریحانہ ہرنائی ،شریں اختر گلگت بلتستان،گلشن بی بی وزیرستان، ڈائریکٹر نادرا ریما آفتاب شامل تھیں ۔
کانفرنس کے پہلے دن دو ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ پہلی ورکشاپ کا اہتمام قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) نے کیا جس کا موضوع "سالانہ ترقیاتی منصوبے اور مقامی تیاری کے مراحل میں دیہی خواتین رہنمائوں کی یقینی شمولیت” تھا جبکہ دوسری ورکشاپ نادرا کے زیر اہتمام منعقد ہوئی جس کا موضوع "آئینی حقوق کی حفاظت کے لیے نادرا کے اہم اقدامات” تھا، جس سے چیئرمین طارق ملک نے خطاب کیا
۔ ان ورکشاپس میں دیہی خواتین کے بنیادی حقوق کے حوالے سے اہم سوالات اور ان کے جوابات دئیے گئے ۔ ورکشاپ میں خواتین کے لیے شناختی کارڈ کا اجراء اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی گئیں اور فیصلے کئے گئے ۔ تقریب کے اختتام پر قرار دادیں منظور کی گئیں ، جن میں عورتوں کے حقوق سے آگاہی ، صنفی مساوات ، معاشرتی ، معاشی ، سماجی اور سیاسی ترقی میں عورت کا کردار اور حکومتی اقدامات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
کانفرنس میں ملک بھر کی دیہی خواتین کے علاوہ سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران ، صحافی ، طلبا و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبو ں سے تعلق رکھنے والوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ، یہ کانفرنس 15 اکتوبر تک جاری رہے گی۔