اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):قومی ہیرو ارشد ندیم نے ایشئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ ہفتہ کو فائنل مقابلہ میں ارشد ندیم نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی جب کہ فائنل میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے ہیں ۔اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے ایشئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔جنوبی کوریا میں ہونے والے چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی،
یاسر کی دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جب کہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جب کہ دوسری کوشش میں ان کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی۔ ارشد ندیم نے تیسری کوشش میں 85.57 میٹر کی تھرو جبکہ چوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی اور گولڈ میڈل کے حقدار قرار پائے۔ اییشئن ایتھلیٹکس کی تاریخ میں 1973 کے بعد پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل جیتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ میں 1973 میں آخری بار گولڈ میڈل جیتے تھے۔1973 میں فلپائن میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان نے جیولن تھرو اور 800 میٹر ریس کے گولڈ جیتے تھے جس میں 800 میٹر ریس کا گولڈ محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے جیتا تھا۔ ارشد ندیم نے ایشئن ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 50 سال سے زائد عرصے کے بعد گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603733