اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج قوم نااہل اور اناڑی عمران خان کی پالیسیوں اور آئی ایم ایف سے معاہدہ کا خمیازہ بھگت رہی ہے ، دو سے تین سالوں کے اندر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔
اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں کہا تھاکہ کون اناڑی کو موٹر سائیکل کی چابی دے گا ،عمران خان اناڑی تھا اسے ملک پر بٹھایا گیا ،اس نے اپنا سر بھی پھاڑا ،پاکستان کا بھی انجر پنجر کر کے چھوڑ گیا ہے ،آج ہمارے پاس وہ ٹکڑے ٹکڑے ہوئے معیشت پڑی ہے جس کے حالات ہم بھگت رہے ہیں ،ہم جب اپوزیشن میں قومی اسمبلی میں تھے، کہتے تھے عمران خان جو کام کررہا ہے اس کا خمیازہ کئی سال پاکستان کو بھگتنا پڑے گا،اب اس ملک کو تباہ کر کے خود مزے سے بیٹھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں لیکن اس میں وقت لگے گا۔2013 میں 16 گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی بجلی پوری کر کے گئے تھے ،مجھے یقین ہے دو، تین سالوں کے اندر پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے قابل ہو جائیں گے ۔