اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نے پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی و افراتفری کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ایجنڈا 360 میں بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اب ذہنی طور پر میچور ہو چکے ہیں اور یہ چاہتے ہیں کہ منتخب حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے تاکہ ملک آگے بڑھے اور اس کے بعد پھر عوام یہ فیصلہ کریں گے کہ کون سی حکومت کامیاب ہے اور کون سی حکومت ناکام ہوئی ہے لہٰذا پاکستان میں تبدیلی کا فیصلہ بیلٹ بکس کے ذریعے ہی ہونا چاہیے جو اپنی آئینی مدت کے اوپر ہی ہونا چاہیے، بلاشبہ عوام ہی اس کا بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کی سنجیدگی اور ذہنی بلوغت کا ہی نتیجہ ہے کہ عمران خان 02 دن تک لوگوں کو باہر سڑکوں، چوراہوں پر نکلنے کی کال دیتے رہے کہ وہ ملک میں آگ لگا دیں، احتجاج کریں لیکن ملک بھر میں کہیں بھی بڑے پیمانے پر کوئی احتجاج سامنے نہیں آیا جو پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز کمی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔