اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ قوم نے 75 سالوں تک پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کا دفاع مضبوط بنایا ہے، اداروں کی آزادی کے حوالے سے عمران خان کے بیان کا نوٹس لیا جائے۔
پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اس ایوان اور ریاست کے وقار کو مجروح کیا جارہا ہے اور اپنے دفاعی ادارے کے سربراہ کے تقرر کو ملک کے گلی کوچوں میں زیر بحث لایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار سے نکلنے کے بعد اب بھی وہی باتیں کر رہا ہے جو وہ اقتدار میں کرتا تھا۔ مہنگائی ختم کرنے کے لئے اگر وہ اپنے دور میں کوئی کام کرتا تو آج ملک کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ کہتا ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص سے مشاورت کی جارہی ہے۔ یہ چاہتا ہے کہ وہ سزا یافتہ رہے مگر اس کے کیسز نہ کھولے جائیں۔ یہ اداروں کے سربراہوں کو بلیک میل کرکے اپنے دور میں اپنی مرضی کے فیصلے کراتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ روز جھوٹ بولتا ہے، آج پھر اداروں کے حوالے سے اس نے جو بات کی ہے یہ قوم اپنے اداروں کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر اداروں نے آزادانہ فیصلے دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تو اس نے تنقید شروع کردی ہے۔ اس قوم نے 75 سال تک پیٹ پر پتھر باندھ کر ملک کا دفاع مضبوط بنایا، اداروں کی آزادی کے حوالے سے اس کے اس بیان کا نوٹس لیا جائے اور اس کی زبان بندی کی جائے۔