قوم کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا، ارکان پارلیمنٹ کی یوم آزادی کے حوالے سے ”اے پی پی” سے خصوصی بات چیت

214

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے یوم آزادی کے موقع پر ملک و قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا اور ہر قسم کی ذاتیات سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پارلیمنٹ ہائوس میں ”اے پی پی” سے یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ یوم آزادی ہم ہر سال بڑے جوش و جذبے سے مناتے ہیں، اس مرتبہ ملک کے بیشتر حصوں میں لوگوں کو سیلاب کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں، یہ وقت ایسا ہے کہ اگر لوگوں کو اپنے وطن سے حقیقی معنوں میں محبت ہے تو اٹھ کھڑے ہوں اور وہ مشکلات میں مبتلا اپنے بھائی بہنوں کی مدد کریں۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو نواز شریف اور ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی قوت بنایا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دور اقتدار کے بعد پاکستان میں جو حالات گزرے ہیں دعا ہے کہ آنے والے وقتوں میں پاکستان ایسے حالات نہ دیکھے اور آنے والا وقت میں پاکستان ترقی و خوشحالی سے ہمکنار ہو۔ فنکشنل لیگ کے غوث بخش مہر نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم نیک نیتی اور ہر قسم کی ذاتیات سے بالاتر ہو کر ملک کیلئے کام کریں گے۔

جے یو آئی (ف) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ قوم کو یوم آزادی کے موقع پر یہی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے کیونکہ آج کل جو حالات چل رہے ہیں وہ انتہائی مشکل ہیں اور ان مشکل حالات میں بھی عوام نے ہمیشہ ملک کا ساتھ دیا ہے جس پر قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کی معیشت کو مستحکم کرے اور پاکستان کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔