کراچی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی ترقی اور خوشحالی کے اہداف کے حصول کے لیے قیام امن کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے یہاں پاکستان کوسٹ گارڈ (پی سی جی )کے 43ویں بیسک ریکروٹ ٹریننگ کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہادر قومیں مشکل حالات کا بہادری سے مقابلہ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم کو شکست نہیں دی جاسکتی،دہشت گرد تشدد اور دھمکی آمیز کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کے 24 کروڑعوام پر اپنا انتہا پسندانہ نظریہ مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ہتھیار نہیں ڈالیں گے،ہمت اور اتحاد کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے،پاکستان دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو بہادر مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محفوظ پاکستان اور خوشحال مستقبل کے لیے بے مثال قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، پیرا ملٹری فورسز، پولیس، لیویز اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو پاکستان کا مستقبل تصور کرتی ہے اور ایک پرامن بلوچستان مضبوط پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے کیونکہ اس وسیع صوبے کو قدرت نے قیمتی قدرتی وسائل سے نوازا ہے،یہ ملک کی معیشت میں شہ رگ کا درجہ حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے، کچھ دہشت گرد عناصر اور ان کی ریاست مخالف سرگرمیاں نہ صرف صوبے کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں بلکہ وہ نوجوانوں کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ملک کی ساحلی پٹی کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پی سی جی پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے ساتھ مل کر پوری ساحلی پٹی بالخصوص بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور پی سی جی کے 50 سے زائد جوانوں نے امن برقرار رکھنے اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی سی جی کی کوششوں سے صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے اور ساحلی علاقوں میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔پی سی جی نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی تارکین وطن کی نقل و حرکت ،ریاست مخالف عناصر اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی روک تھام کی اہم ذمہ داریوں کو کامیابی سے پورا کیا ہے۔ نگران وزیر داخلہ نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ نے گزشتہ سال سمگلروں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڑوں ڈالر مالیت کی 18000 ٹن منشیات کے علاوہ 1000 ملین روپے کی دیگر ممنوعہ اشیاء ضبط کیں۔
وفاقی وزیر نے پی سی جی کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی سی جی کو جدید ترین مواصلاتی نظام، ضروری آلات اور اسلحہ فراہم کیا جبکہ پی سی جی کے اہلکاروں اور افسران کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کئی اقدامات کیے گئے۔سرفراز بگٹی نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ ایف سی جیسے پی سی جیز کی تنخواہوں میں 15 فیصد خصوصی الاؤنس کے اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
قبل ازیں پی سی جی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) بریگیڈیئر غلام عباس نے وزیر داخلہ کا پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر استقبال کیا۔ پی سی جی کے چاق و چوبند دستے نے وزیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔